اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)خاتون کرکٹر منیبہ علی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سنچری بنانے والی پہلی پاکستانی کھلاڑی بن گئی ہیں۔
جنوبی افریقہ میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ میں بائیں ہاتھ کی بلے باز منیبہ علی نے آئرلینڈ کے خلاف 102 رنز بنائے جس کی بدولت پاکستان نے یہ میچ 70 رنز سے جیت لیا۔
میچ کے بعد گفتگو میں منیبہ علی کا کہنا تھا کہ ‘میرے ساتھ بیٹنگ کرنے والی سینئر کھلاڑی ندا ڈار میری حوصلہ افزائی کرتی رہیں اور مجھے کہتی رہیں کہ بڑا سکور کرو اور تم یہ کر سکتی ہو
ان کا کہنا تھا کہ وہ ان کی حوصلہ افزائی کی وجہ سے ہی اس سنگ میل تک پہنچ سکیں۔
منیبہ علی اور ندا ڈار نے 101 رنز کی شراکت قائم کی۔
منیبہ علی نے 68 گیندوں کا سامنا کیا اور 14 چوکے بھی لگائے۔
منیبہ علی 45 رنز بنا کر آؤٹ ہونے کے دہانے پر تھیں جب مڈوکٹ پر انکا کیچ ڈراپ ہوگیا جس سے انہیں روکنا مشکل ہو گیا۔
کچھ دیر بعد ندا ڈار 28 گیندوں پر 33 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئیں۔
ندا ڈار نے 28 گیندوں پر 33 رنز بنائے
کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے۔
جواب میں آئرلینڈ کی پوری ٹیم 95 رنز پر ڈھیر ہوگئی جس میں بائیں ہاتھ کی اسپنر نشرا سندھو نے اہم کردار ادا کیا اور 18 رنز کے عوض چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس میچ میں جیت کے بعد پاکستان کے رن ریٹ میں کافی بہتری آئی ہے اور اتوار کو بھارت سے ہارنے کے بعد بھی اس کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا امکان ہے۔
اس سے قبل منیبہ نے اپنے 44 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں نصف سنچری بھی نہیں بنائی تھی تاہم انہوں نے آئرلینڈ کے خلاف ون ڈے میچ میں سنچری اسکور کی ہے۔ پاکستان کا اگلا میچ اتوار کو ویسٹ انڈیز سے ہوگا۔
اس وقت انگلینڈ اور بھارت کی ٹیمیں دو دو میچ جیت کر آگے ہیں۔
ویسٹ انڈیز کے سابق کھلاڑی بشپ نے انہیں سچری بنانے پر مبارکباد بھی دی
Muneeba Ali 👏🏻👏🏻👏🏻👏🏻. All of Pakistan should and will be proud.
— Ian Raphael Bishop (@irbishi) February 15, 2023