اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)امریکی اخبار واشنگٹن ٹائمز نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو پاکستان اور امریکہ کے اسٹریٹجک تعلقات کے تناظر میں، خصوصاً جنوبی ایشیا کی سیاست اور سکیورٹی معاملات میں ایک نہایت بااثر شخصیت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے درمیان تعلقات میں پیدا ہونے والی کشیدگی کے بعد، بھارت کے ساتھ تنازعے میں جنرل عاصم منیر کو ایک مضبوط اعصاب رکھنے والے رہنما کے طور پر اجاگر کیا گیا، جسے ان کے لیے ایک علامتی کامیابی تصور کیا گیا۔
اخبار نے مزید لکھا کہ اس صورت حال نے جنرل عاصم منیر کا عالمی قد بڑھایا اور انہیں بین الاقوامی سطح پر نئی اہمیت دی۔ رپورٹ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کرنے کو ترجیح دی، جو کہ بائیڈن حکومت کے نسبتاً سخت رویے سے ایک نمایاں تبدیلی تھی۔
مضمون میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جنرل عاصم منیر نے امریکی سینٹرل کمانڈ اور پینٹاگون کے ساتھ روابط کو بحال کیا۔ اسی تناظر میں ٹرمپ نے کابل کے ایئرپورٹ پر ہونے والے ایبی گیٹ بم دھماکے کے ماسٹر مائنڈ کی گرفتاری پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ ٹرمپ پاکستان کی اہم معدنیات اور ابھرتی ہوئی کرپٹو کرنسی مارکیٹ میں مواقع کو بھی خاصی اہمیت دیتے ہیں۔