اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کی جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ اور داخلی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ہمہ وقت چوکس اور تیار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور گیریژن کے دورے کے موقع پر کیا، جہاں انہوں نے آپریشنل تیاریوں، تربیتی معیار اور جنگی صلاحیتوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو لاہور گیریژن میں فارمیشن کی مجموعی تیاریوں، تربیتی منصوبوں اور جنگی صلاحیت میں اضافے کے لیے کیے گئے اقدامات پر جامع بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر انہوں نے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی ایک خصوصی فیلڈ ٹریننگ مشق کا مشاہدہ بھی کیا، جس میں جدید حربی آلات اور جدید ترین ٹیکنالوجیز کے عملی استعمال کا مظاہرہ کیا گیا۔ یہ مشق مستقبل کے جنگی تقاضوں سے ہم آہنگی، جدت اور لچک کو اجاگر کرتی ہے۔
فیلڈ مارشل نے افسران اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے مستقبل کے میدانِ جنگ کے تقاضوں کے مطابق انوویشن اور جدید سوچ اپنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے سکیورٹی چیلنجز کے پیش نظر جدید ٹیکنالوجی، پیشہ ورانہ مہارت اور مسلسل تربیت پاک فوج کی طاقت کا بنیادی ستون ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے فوجی جوانوں کے لیے فراہم کی جانے والی سپورٹس اور تفریحی سہولیات کا معائنہ کیا اور جسمانی فٹنس، ذہنی مضبوطی اور بلند مورال کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
دورے کے دوران چیف آف ڈیفنس فورسز نے سی ایم ایچ لاہور کے ہائی کیئر سینٹر کا بھی دورہ کیا، جہاں جدید طبی سہولیات اور مریضوں کی دیکھ بھال کے اعلیٰ معیار کو سراہتے ہوئے میڈیکل اسٹاف کی پیشہ ورانہ خدمات کی تعریف کی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قومی سلامتی کو لاحق کسی بھی خطرے کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج نظم و ضبط، اعلیٰ معیار اور بے لوث قومی خدمت کے کلچر کو فروغ دے رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج ملک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور داخلی استحکام کے دفاع کے لیے ہر چیلنج سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔قبل ازیں لاہور گیریژن آمد پر کور کمانڈر لاہور نے چیف آف ڈیفنس فورسز کا استقبال کیا۔