اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)کینیڈا میں نئے سال کے موقع پر جانوروں سے محبت کا ایک دلچسپ واقعہ دیکھا گیا جب آرکٹک والرسز کی خاطر ساحل سمندر پر آتش بازی کو منسوخ کر دیا گیا۔
ملک کے ساحلی شہر سکاربورو میں لوگ والرس کو دیکھنے کے لیے قطاروں میں لگے ہوئے ہیں تاہم انتظامیہ نے کسی بھی قسم کی ہراسانی پر سزا کا انتباہ بھی دیا ہے۔
دوسری جانب جنگلی حیات کے ماہرین نے بھی یہاں آتش بازی پر پابندی عائد کر دی ہے کیونکہ یہ شمال کی طرف جاتے ہوئے کچھ دیر کے لیے یہاں ر کا ہے۔
اگرچہ آرکٹک والرسز طویل فاصلے کا سفر کرتے ہیں، لیکن وہ کینیڈا اور دیگر قریبی علاقوں میں رک کر کچھ وقت گزارتے ہیں۔ اگرچہ تھوروالرس کو گزشتہ ماہ ہیمپشائر کی ساحلی پٹی پر دیکھا گیا تھا، لیکن یہ گزشتہ جمعہ سے سکاربورو میں موجود ہے۔
تھور ایک بہت مشہور والرس بھی ہے جو اس سے پہلے فرانس کے ساحلی شہر برٹنی میں دیکھا گیا تھا۔ ماہرین کے مطابق یہ دھماکوں اور روشنی سے بہت خوفزدہ ہو سکتا ہے اور اسی صدمے اور پریشانی کا زیادہ دیر تک شکار رہ سکتا ہے۔
جنگلی حیات کے ماہر جیف ایڈمنڈ کا کہنا ہے کہ والرس بیمار یا زخمی نہیں ہے لیکن لوگ اسے مناسب فاصلے سے دیکھ سکتے ہیں۔ انہوں نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ اس کے قریب جانے اور چھونے سے گریز کریں۔ تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ ساحل سمندر پر آتش بازی کو منسوخ کیا گیا ہے اور لوگوں نے اس پر عمل کیا ہے۔