اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)پاکستان ریلوے نے اپنی تاریخ میں پہلا اے آئی بیسڈ سیکیورٹی سسٹم راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر نصب کر دیا ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے اس جدید نظام سیف اینڈ سمارٹ کا افتتاح کیا۔
نئے سیکیورٹی نظام میں 180 سے زائد کیمرے شامل ہیں جو 24 گھنٹے اسٹیشن کے ہر گوشے، پارکنگ ایریا، ٹکٹ گھروں، قطاروں اور پلیٹ فارمز کی نگرانی کریں گے۔
ہر شخص کی چہرے کی شناخت ہوگی اور ڈیٹا مرکزی ڈیٹا بیس سے منسلک رہے گا سسٹم مینجر محمد علی کے مطابق، اب ریلوے کے پاس فیصلہ سازی کے لیے پہلے سے زیادہ طاقتور ڈیٹا بیس موجود ہوگا۔
مسافر جب بھی اسٹیشن کے پارکنگ ایریا میں گاڑی لے کر آئیں گے اس کی گاڑی کا نمبر پلیٹ، تصویر اور فیس ڈیٹا سے ٹریسنگ شروع ہو جائے گی اور یہ سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک وہ ٹرین میں سوار نہ ہو جائے۔
یہ اے آئی سسٹم نہ صرف مسافروں کی حفاظت بلکہ تخریب کاری کی کوششوں کو ناکام بنانے میں بھی معاون ہوگا سسٹم فیس ڈیٹا اور دیگر معلومات کی بنیاد پر مشتبہ افراد کی بلیک لسٹنگ کر سکتا ہے اور اگر کوئی مجرم یا دہشتگرد اسٹیشن پر آئے تو فوری الرٹس بھی فراہم کیے جائیں گے۔
فی الحال یہ جدید نظام صرف راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر نصب کیا گیا ہے، لیکن مستقبل میں اسے دیگر بڑے ریلوے اسٹیشنز تک بڑھانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے اس اقدام سے نہ صرف اسٹیشنوں کا محفوظ ماحول یقینی ہوگا بلکہ مسافروں کو بھی سفر کے دوران اعتماد اور سکون فراہم کیا جائے گا۔