ارد و ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) شہر قائد میں منکی پاکس کے پہلے کیس کی تصدیق ہوگئی۔
صوبائی محکمہ صحت کی ترجمان مہر خورشید کے مطابق گزشتہ روز ایک شہری مسقط، عمان سے کراچی آیا تھا جسے سات دن سے بخار اور پانچ دن سے جسم پر سرخ نشانات تھے۔
ان کے نمونے اسلام آباد بھجوائے گئے اور آج رپورٹ مثبت آئی۔انہوں نے بتایا کہ مریض جدہ میں ڈرائیور ہے جو عمان کے راستے کراچی پہنچا تھا اور اسے کل قرنطینہ کیا گیا تھا، اب مریض صحت مند ہونے تک قرنطینہ میں رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں
پاکستان کا عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) سے منکی پاکس ویکسین حاصل کرنے کا فیصلہ
محکمہ صحت کی ترجمان مہر خورشید کا کہنا ہے کہ 25 اپریل کو اسلام آباد میں مونکی پوکس کا پہلا کیس سامنے آنے کے بعد محکمہ صحت نے مونکی پوکس سے نمٹنے کے لیے تیاری کی تھی اور بڑے اسپتالوں میں مردوں اور خواتین کے لیے الگ الگ وارڈز قائم کیے تھے۔
مہر خورشید کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت نے مونکی پوکس سرویلنس گروپ بھی تشکیل دیا ہے جو ایئرپورٹ، ریلوے اسٹیشن اور بندرگاہ کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے سکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں، مساجد اور تجارتی علاقوں میں لوگوں کو آگاہی کے لیے احتیاطی پیغامات بھیجے جا رہے ہیں۔