اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)بلوچستان کے علاقے ریکوڈک میں معدنی وسائل کی کان کنی کے لیے صوبائی حکومت کو تین ملین (3 ملین) ڈالر کی پہلی ادائیگی کر دی گئی ہے۔
بلوچستان کے علاقے ریکوڈک میں معدنی وسائل کی کان کنی کے لیے حکومت اور کینیڈین کمپنی بیرک گولڈ کارپوریشن کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت صوبائی حکومت کو تین ملین ڈالر کی پہلی ادائیگی کی گئی ہے۔
بلوچستان حکومت کو 3 ملین ڈالر کا چیک موصول ہوا، جو ریکوڈک منصوبے کے لیے پہلی ادائیگی تھی۔
اس حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ 2028 میں ریکوڈک سے پیداوار شروع ہوتے ہی صوبے کو 300 ارب روپے سالانہ ملیں گے۔
بیرک گولڈ نے ریکوڈک منصوبے کے لیے نئے شراکت داری کے فریم ورک کے تحت حکومت بلوچستان کو 3 ملین ڈالر ادا کیے ہیں۔
پاکستانی کرنسی میں یہ رقم 70 سے 75 کروڑ روپے بنتی ہے، اس رقم سے بلوچستان کے ضلع چاغی میں جہاں ریکوڈک واقع ہے، میں پینے کے پانی اور دیگر ترقیاتی کام کیے جاسکتے ہیں۔