اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ نے ایک بار پھر تباہی مچا دی ہے۔
جس سے گاؤں روشان کی پوری آبادی محصور اور درجنوں افراد پھنس گئے ہیں۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق گزشتہ رات گئے تلیداس نالے کے دونوں اطراف لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس کے باعث گلگت شندور روڈ مکمل طور پر بند اور ٹریفک معطل ہو کر رہ گئی ہے۔ لینڈ سلائیڈنگ نے آس پاس کے دیہات کو محاصرے میں لے لیا ہے۔گلگت بلتستان کے وزیر داخلہ شمس لون نے تصدیق کی ہے کہ سیلاب سے علاقہ بری طرح متاثر ہوا ہے تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ گاؤں میں متعدد افراد کے پھنسے ہونے کی اطلاع ہے اور انہیں نکالنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر ایک ہیلی کاپٹر طلب کر لیا گیا ہے جبکہ کمانڈر ایف سی این اے کی ہدایت پر فوری طور پر ایک ہیلی کاپٹر روانہ کر دیا گیا ہے۔
غذر پولیس کے مطابق روشان گاؤں میں تقریباً 50 افراد پھنسے ہوئے ہیں، جنہوں نے حکومت سے انہیں فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی اپیل کی ہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر غذر نے بتایا کہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث دریائے غذر کا بہاؤ صبح 3 بجے سے رک گیا ہے جس کے نتیجے میں مزید بستیاں کٹاؤ کا شکار ہو رہی ہیں اور پانی جمع ہونے سے سیلاب کا خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں کو بروقت اطلاع دی گئی جس کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔