اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)میرپور خاص میں ڈپٹی کمشنر نے رات گئے 4 سال سے بند فلور مل پر چھاپہ مار کر 50 کلو گرام وزنی سرکاری گندم کی ایک ہزار بوریاں برآمد کر کے مل اور گودام کو سیل کر دیا۔
ڈپٹی کمشنر زین العابدین نے اے سی شجاع آباد اور متعلقہ پولیس کے ہمراہ پبلک سکول روڈ پر کارروائی کی
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر زین العابدین نے کہا کہ چیف سیکرٹری کی سخت ہدایات ہیں کہ ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی نہ ہو، اس لیے اطلاع ملتے ہی فوری ایکشن لیا گیا ہے۔ برآمد شدہ گندم کی بوریاں سرکاری گوداموں سے چھوڑ دی گئی ہیں اور تمام گندم کی بوریاں سرکاری تحویل میں لے کر محکمہ خوراک کے حوالے کی جائیں گی۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق چھاپہ مارنے والی فلور مل چار پانچ سال سے بند ہے اور ایک ماہ قبل سرکاری کوٹے کے تحت ملنے والی گندم کی ہزاروں بوریاں مختلف مقامات پر سٹور کی گئی تھیں۔ ملوں میں آٹا ختم ہو چکا ہے تاہم بند ملوں میں گندم کی بڑی مقدار ذخیرہ اندوزی کے زمرے میں آتی ہے، محکمہ خوراک کے متعلقہ حکام کو طلب کر کے مزید کارروائی کی جائے گی۔
بعد ازاں ڈی سی میرپور خاص نے اے سی شجاع آباد، مختیار کار اور ڈی ایف سی میرپور خاص کو مراسلہ بھیجا جس میں چھاپے کے بارے میں بتایا گیا کہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ کوٹے کی گندم کی 800 سے 1000 بوریاں برآمد کی گئیں۔