اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں ایک بار پھر دھند نے ڈیرے جما لیے ہیں۔ بصارت کم ہونے کے باعث موٹر وے کو بند کردیا گیا جب کہ پروازوں کا شیڈول بھی بری طرح متاثر ہوا۔
موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق انتہائی کم حد نگاہ دھند کے باعث موٹروے کو مختلف پوائنٹس پر بند کر دیا گیا ہے۔ موٹروے ایم تھری فیض پور سے ننکانہ صاحب تک دھند کے باعث بند ہے جبکہ لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم 11 اور موٹروے ایم ٹو کو حد نگاہ کم ہونے کے باعث لاہور سے ہران مینار تک بند کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب دھند کے باعث علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق کراچی سے لاہور آنے والی نجی ایئر لائن کی پرواز 402 اور دبئی سے لاہور آنے والی نجی ایئر لائن کی پرواز 724 تاخیر کا شکار ہیں۔ لاہور سے کراچی جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز 523 طیارے کی عدم دستیابی کے باعث ٹیک آف نہ کرسکی۔