اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)اونٹاریو میں فوڈ بینک استعمال ایک بار پھر ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا ہے جہاں گزشتہ سال کے دوران 10 لاکھ سے زائد افراد نے مجموعی طور پر 87 لاکھ مرتبہ ایمرجنسی فوڈ سروسز کا سہارا لیا۔ یہ انکشاف فیڈ اونٹاریو کی جانب سے پیر کو جاری ہونے والی نئی ہنگر رپورٹ میں کیا گیا،
فیڈ اونٹاریو کی سی ای او کیرولین اسٹیورٹ کے مطابق اس سال کی رپورٹ کا سب سے اہم نکتہ یہ ہے کہ فوڈ بینک کا استعمال ایک بار پھر اپنی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے
رپورٹ کی اہم تفصیلات کے مطابق اپریل 2024 سے مارچ 2025 تک سامنے آنے والے اعداد و شمار تشویش ناک ہیں۔ فوڈ بینک آنے والوں میں ہر تین میں سے ایک بچہ یا معذور شخص تھا اور ہر چار میں سے ایک فرد باقاعدہ ملازمت رکھتا تھا لیکن آمدنی اتنی ناکافی تھی کہ خوراک کی بڑھتی قیمتوں کا مقابلہ نہ کر سکا
نارتھ یارک ہارویسٹ فوڈ بینک کے عملے نے خبردار کیا ہے کہ صوبائی رپورٹ میں پیش کیے گئے حالات ٹورنٹو سمیت مختلف شہروں کی اصل صورتحال کی عکاسی کرتے ہیں۔ ایک فوڈ بینک ورکر نے بتایا کہ ہمارے پاس آنے والے لوگ اپنی ماہانہ آمدنی کا 70 فیصد سے زیادہ حصہ صرف رہائش پر خرچ کر دیتے ہیں۔ ان کے بقول اس کے بعد آمدنی میں اتنا کم بچتا ہے کہ نہ سفر کے اخراجات پورے ہو پاتے ہیں نہ بچوں کے کپڑے نہ ادویات اور نہ ہی کھانا
رپورٹ کے بعد حکام نے تمام سطحوں کی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غربت میں کمی کو ترجیح دیں سوشل اسسٹنس پروگرامز کو بہتر بنائیں منصفانہ اور پائیدار روزگار کے مواقع پیدا کریں اور سستی رہائش کی فراہمی یقینی بنائیں کیرولین اسٹیورٹ نے کہا کہ اگر لوگ اس تعطیلاتی موسم میں اپنے مقامی فوڈ بینک کی مدد کرنے کی استطاعت رکھتے ہیں تو یہ بہت قابلِ قدر ہوگا