اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) برطانیہ میں بنیادی غذائی اشیا کی قلت کے باعث کچھ پھلوں اور سبزیوں کی فروخت پر پابندی لگا دی گئی ہے۔
سپر مارکیٹوں میں ٹماٹر، کالی مرچ، کھیرے، سلاد کے تھیلے، بروکولی اور پھول گوبھی کی خریداری پر پابندی تھی۔ ضروری سبزیاں نہ ملنے پر شہری پریشان، سپر مارکیٹوں میں سبزیوں اور پھلوں کے خالی سٹالز کی تصاویر سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں۔
تاجروں کے مطابق جنوبی یورپ اور شمالی افریقی ممالک میں شدید گرمی، بارش اور سیلاب کے باعث سپلائی چین متاثر ہوا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ پھلوں اور سبزیوں کی قلت مزید چند ہفتوں تک برقرار رہ سکتی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ وہ اس قلت پر قابو پانے کے لیے مقامی کسانوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ سردیوں میں برطانیہ عموماً اسپین اور افریقی ممالک سے سبزیاں درآمد کرتا ہے تاہم گرمیوں میں اس کی زیادہ تر ضروریات مقامی پیداوار سے پوری ہوتی ہیں۔