اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) سعودی عرب میں پہلی بار خواتین مسلح افواج میں شامل ہونے کیلئے 225 خواتین نے تربیت حاصل کر لی۔ مسلح افواج میں خواتین کو شمولیت کی اجازت دینے کا فیصلہ گزشتہ سال فروری میں کیا گیا تھا اور ستمبر میں مسلح افواج کے خواتین کیڈر ٹریننگ سینٹر سے 225 خواتین افسران نے گریجویشن کی۔
خواتین افسران نے مختلف شعبوں میں خدمات انجام دینے کے لیے سفارتی سیکیورٹی کے علاوہ حج اور عمرہ سیکیورٹی میں خصوصی کورسز مکمل کیے ہیں اور اب وہ فرائض کی انجام دہی کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ خواتین کی تربیت اور گریجویشن کی تکمیل پر وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود اور پبلک سیکیورٹی کے ڈائریکٹر لیفٹیننٹ جنرل محمد البسامی کے تعاون سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں خواتین افسران کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ملک کے ہر محاذ پر خواتین سیسہ پلائی ہوئی دیوار کے ساتھ کھڑی ہوں۔