اردو ورلڈ کینیڈا (ویب نیوز ( ملک میں مہنگائی کی شرح میں کمی آنا شروع ہوگئی، گزشتہ ماہ جون میں مہنگائی کی شرح نو فیصد کمی کے ساتھ 29.4 فیصد رہی۔
وفاقی ادارہ شماریات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جون 2023 میں مہنگائی کی شرح 29.4 فیصد تھی جو مئی میں 38 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی جب کہ جولائی سے جون 2023 تک مہنگائی کی اوسط شرح 29.18 فیصد تھی۔
ادارہ شماریات نے بتایا کہ جون 2023 میں سالانہ بنیادوں پر شہروں میں مہنگائی کی شرح 27.3 فیصد اور دیہی علاقوں میں 32.4 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ ماہ چکن، آلو، دودھ، ڈیری مصنوعات اور چاول مہنگے جبکہ انڈے، سبزیاں اور آٹا سستا ہوا۔
یہ بھی پڑھیں
رواں ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.20 فیصد کااضافہ،ادارہ شماریات کی رپورٹ
سالانہ بنیادوں پر ایک سال میں سگریٹ کی قیمتوں میں 129.2 فیصد، چائے کی قیمت میں 113 فیصد اور آٹے کی قیمت میں 90 فیصد اضافہ، چاول کی قیمت میں 73 فیصد، آلو کی قیمت میں 65 فیصد، گندم کی قیمت میں 62 فیصد، نصابی کتب کی قیمتوں میں 114 فیصد اضافہ اور سٹیشنری میں 68.5 فیصد اضافہ ہوا۔ گیس کے اخراجات میں 62.8 فیصد اور گھریلو سامان 40 فیصد مہنگا ہوا۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے جون میں مہنگائی کی شرح میں 9 فیصد کمی پر عوام کو مبارکباد دی ہے، ان کا کہنا تھا کہ ادارہ شماریات کے مطابق مہنگائی 29 فیصد تک پہنچ گئی ہے، جون 2023 میں مہنگائی کی شرح 29.4 فیصد تھی، مئی 2023 میں مہنگائی کی شرح جون کے مقابلے میں 38 فیصد تھا، انہوں نے کہا کہ اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر 270 سے 272 روپے پر ہے۔