پنجاب میں پہلی بار مفت میت منتقلی سروس کا آغاز،ہر تحصیل میں وین فراہم کرنے کا فیصلہ

اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)صوبہ پنجاب میں عوامی فلاح کے ایک اہم اقدام کے طور پر پہلی مرتبہ مفت میت منتقلی سروس شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

اس منصوبے کی منظوری ایک خصوصی اجلاس میں دی گئی جس کی صدارت وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کی۔ اجلاس کے دوران سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے مجوزہ منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس میں اس امر کی منظوری دی گئی کہ سرکاری سطح پر ایسی ایمبولینس سروس مہیا کی جائے جو مرحومین کو ہسپتال سے ان کے گھروں تک بلا معاوضہ منتقل کرے گی۔ اس اقدام کا مقصد سوگوار خاندانوں کو مشکل گھڑی میں مالی بوجھ سے بچانا اور انہیں فوری سہولت فراہم کرنا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ نجی ایمبولینس سروسز کو باقاعدہ ضابطہ کار کے تحت لانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ حکام نے نجی سروسز کے کرایوں کے تعین کی تجویز پر بھی غور کیا تاکہ عوام سے من مانی وصولی کا سدباب کیا جا سکے۔

اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ بڑے سرکاری ہسپتالوں اور ہر تحصیل کی سطح پر سرکاری گاڑیوں کی فراہمی کے لیے جامع منصوبہ پیش کیا جائے۔ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پنجاب کی ہر تحصیل میں کم از کم ایک مخصوص وین میت کی منتقلی کے لیے مختص ہوگی۔ لواحقین ایمرجنسی نمبر 1122 پر رابطہ کر کے یا متعلقہ ہسپتال کے کاؤنٹر سے رجوع کر کے اس مفت سروس سے استفادہ کر سکیں گے۔

مزید برآں، میت منتقلی کے نظام کی نگرانی جدید سمارٹ مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے کی جائے گی تاکہ شفافیت اور بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس سہولت کے تحت مرحوم کو ایک شہر سے دوسرے شہر منتقل کرنے کی خدمت بھی بغیر کسی معاوضے کے فراہم کی جائے گی۔ حکام کے مطابق یہ منصوبہ عوامی خدمت کے نئے باب کا آغاز ثابت ہوگا اور ضرورت مند خاندانوں کے لیے بڑی سہولت بنے گا۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں