26
اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) شام میں بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد پہلی مرتبہ پارلیمانی انتخابات کرانے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
شام کی اعلیٰ الیکشن کمیٹی برائے مجلسِ عوام نے باضابطہ طور پر اعلان کیا ہے کہ پارلیمانی نشستوں کے لیے ووٹنگ 5 اکتوبر کو ملک کے تمام انتخابی حلقوں میں ہوگی۔اعلان میں بتایا گیا ہے کہ پارلیمان کی 21 نشستوں میں سے ایک تہائی نشستوں پر ارکان کو براہ راست عبوری صدر احمد الشرعہ نامزد کریں گے، جب کہ باقی نشستوں کے لیے عوام ووٹ ڈالیں گے۔
یاد رہے کہ کئی برسوں تک جاری رہنے والی خانہ جنگی اور شدید جھڑپوں کے بعد گزشتہ سال دسمبر میں شامی باغیوں نے سرکاری افواج کے خلاف بڑا حملہ کر کے بشار الاسد کی حکومت کا خاتمہ کر دیا تھا۔باغیوں نے مختلف شہروں پر قبضے کے بعد 8 دسمبر کو دارالحکومت دمشق بھی اپنے کنٹرول میں لے لیا، جس کے بعد بشار الاسد ملک چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
اسد کے ملک سے فرار کے بعد شامی باغی تنظیم تحریر الشام کے سربراہ ابو محمد الجولانی نے اعلان کیا تھا کہ سابق وزیرِاعظم محمد غازی الجلالی ریاستی اداروں کو اس وقت تک چلائیں گے جب تک کہ اقتدار کی پرامن منتقلی کا عمل مکمل نہیں ہو جاتا۔سیاسی مبصرین کے مطابق یہ انتخابات شام کے سیاسی مستقبل کے تعین میں نہایت اہم ثابت ہوں گے اور اس بات کا فیصلہ کریں گے کہ خانہ جنگی کے بعد قائم ہونے والا عبوری نظام کس سمت میں آگے بڑھے گا۔