اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )سابق صدر جنرل (ر)پرویز مشرف کی نماز جنازہ کراچی میں ادا کر نے کے بعد تدفین کردی گئی سابق آرمی چیف کا اتوار کو 79 سال کی عمر میں امیائلائیڈوسس نامی نایاب بیماری سے طویل جنگ کے بعد انتقال ہوگیاسابق صدر کی نماز جنازہ کراچی کے علاقے ملیر کینٹ کے پولو گرائونڈ میں ادا کی گئی، انہیں کالا پل، چنیسر گوٹھ کے قریب آرمی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا
اگرچہ ان کی تدفین کے حوالے سے حکام کی جانب سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا تاہم سابق صدر کے قریبی ساتھی نے کہا کہ جنرل(ر)پرویز مشرف کی تدفین مکمل ریاستی اور فوجی پروٹوکول کے ساتھ ہوئی
سابق حکمران کی طرف سے اکتوبر 2010 میں کراچی میں آل پاکستان مسلم لیگ کے قیام کے بعد سے پرویز مشرف کے ترجمان طاہر حسین نے کہا کہ انہیں پورے فوجی اعزاز اور سرکاری پروٹوکول کے ساتھ فوجی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا
پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے سہولیات فراہم کیے جانے کے بعد دبئی سے خصوصی طیارہ سابق فوجی حکمران کی میت کو اہل خانہ کے ہمراہ لے کر پیر کی شب کراچی ایئرپورٹ پہنچا۔
طیارے کی لینڈنگ سے چند گھنٹے قبل ملٹری پولیس نے پاکستان رینجرز کے ساتھ مل کر کراچی ایئرپورٹ کے پرانے ٹرمینل کو گھیرے میں لے لیا جب کہ ملیر کینٹ جانے والی تمام سڑکوں پر بھی سخت سیکیورٹی دیکھی گئی۔
گزشتہ روز دبئی میں پاکستان کے قونصلیٹ جنرل نے سابق فوجی حکمران کی میت کی وطن واپسی کے لیے این او سی جاری کیا۔