اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )سابق وزیراعظم میاں شہباز شریف لاہور سے لندن روانہ ہوگئے۔ذرائع کے مطابق شہباز شریف قطر ایئر لائن کیو آر 629 کے ذریعے لندن روانہ ہوئے، سلیمان شہباز بھی سابق وزیراعظم کے ہمراہ لندن روانہ ہوئے ۔
قبل ازیں سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا کہ سابق وزیراعظم شہباز شریف آج لاہور سے لندن روانہ ہوں گے۔
انہوں نے لکھا کہ شہباز شریف لندن میں پارٹی قائد میاں نواز شریف سے بھی ملاقات کریں گے۔
ملاقات میں پارٹی قائد کی وطن واپسی اور مختلف پارٹی امور پر مشاورت کی جائے گی، ملاقات میں مسلم لیگ ن کی قانونی ٹیم کی شرکت کا بھی امکان ہے، نواز شریف کی ممکنہ وطن واپسی سے متعلق قانونی پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ شہباز شریف کے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد ان کی جگہ انوار الحق کاکڑ نے نگران وزیراعظم کا عہدہ سنبھال لیا ہے۔