اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)سندھ اسمبلی کے سابق اسپیکر اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما آغا سراج درانی طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال کر گئے۔ اہلِ خانہ کے مطابق وہ دل کے عارضے میں مبتلا تھے اور ایک ماہ قبل طبی خرابی کے باعث کراچی کے ایک نجی اسپتال میں داخل کیے گئے تھے۔
ذرائع کے مطابق آغا سراج درانی کی طبی حالت مسلسل خراب ہو رہی تھی، جس کے باعث انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا۔ بدھ کے روز وہ جانبر نہ ہو سکے اور خالقِ حقیقی سے جا ملے۔
صدر مملکت اور وزیراعظم سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے آغا سراج درانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے ان کی جمہوری خدمات اور سندھ کی سیاست میں کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
آغا سراج درانی کی زندگی کا خلاصہ
آغا سراج درانی 5 اکتوبر 1953 کو شکارپور میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم سینٹ پیٹرک ہائی اسکول کراچی سے حاصل کی، جب کہ اعلیٰ تعلیم کے لیے سندھ مسلم گورنمنٹ لا کالج سے ایل ایل بی کی ڈگری لی۔ وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما تھے اور کئی بار سندھ اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔
آغا سراج درانی نے اپنے سیاسی کیریئر میں مختلف ادوار میں پارٹی کی ترجمانی اور اسمبلی میں فعال کردار ادا کیا۔ بطور اسپیکر سندھ اسمبلی انہوں نے طویل عرصے تک خدمات انجام دیں اور صوبے کی پارلیمانی سیاست میں نمایاں مقام حاصل کیا۔