اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے اس بیان پر قائم رہنے کا عزم ظاہر کیا ہے جس میں انہوں نے غزہ کی پٹی کی خرید و فروخت کا ذکر کیا تھا۔
امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور مصری صدر عبدالفتاح السیسی سمیت دیگر عرب ممالک سے بات کرنے کے لیے تیار ہیں۔گزشتہ روز ہوائی جہاز میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ غزہ خریدنے کے حوالے سے ان کا موقف جوں کا توں ہے۔اس حوالے سے انہوں نے ایک بار پھر مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ فلسطینیوں کو اپنے ممالک میں پناہ دیں گے تو وہ انہیں غزہ کے کچھ حصے دینے پر بھی غور کر سکتے ہیں تاکہ علاقے میں تعمیر نو کا عمل شروع ہو سکے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا فلسطینیوں کی ہر ممکن مدد کرے گا اور اس کے لیے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور مصری صدر عبدالفتاح السیسی سمیت دیگر عرب ممالک سے بات کرنے کو تیار ہے۔اس کے علاوہ، ٹرمپ نے کہا کہ وہ آج اسٹیل اور ایلومینیم سمیت امریکی درآمدات پر 25 فیصد ٹیرف کا اعلان کریں گے۔یاد رہے کہ چند روز قبل صدر ٹرمپ نے غزہ پر امریکی قبضے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا غزہ کی پٹی کا مالک بنے گا۔ ان کے اس اقدام کا مقصد خطے میں استحکام لانا اور ہزاروں نئی ملازمتیں پیدا کرنا تھا۔