اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) معروف صحافی انس الشریف اور ان کے تین ساتھی اسرائیلی حملے میں شہید ہو گئے۔
الشفا ہسپتال کے ڈائریکٹر کے مطابق، الجزیرہ کے 28 سالہ صحافی انص الشریف کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب اسپتال کے مرکزی دروازے کے باہر صحافیوں کے لیے قائم خیمہ اسرائیلی فوج کی بمباری سے تباہ ہو گیا۔الجزیرہ کے مطابق، اس حملے میں رپورٹر محمد قریقیہ، کیمرہ مین ابراہیم ظاہر اور محمد نوفل بھی شہید ہوئے۔
اسرائیلی فوج نے اعتراف کیا کہ انص الشریف کو ہدف بنایا گیا، اور الزام عائد کیا کہ وہ مبینہ طور پر حماس کے ایک سیل کی قیادت کر رہے تھے اور اسرائیلی شہریوں و فوجیوں پر راکٹ حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث تھے۔انص الشریف نے شمالی غزہ سے وسیع رپورٹنگ کی تھی، جس کے باعث انہیں ماضی میں اسرائیل کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی گئی تھیں۔واضح رہے کہ غزہ پر اسرائیلی بمباری کے آغاز سے اب تک 200 سے زائد صحافی و میڈیا کارکن شہید ہو چکے ہیں، جن میں الجزیرہ کے کئی صحافی اور ان کے اہل خانہ بھی شامل ہیں۔