فائرنگ کا واقعہ اسلام آباد کے علاقے لہتراڑ روڈ پر پیش آیا جہاں ملزمان نے سابق یوسی چیئرمین جھنگ سید ابرار شاہ کی گاڑی پر گھات لگا کر حملہ کیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں سید ابرار شاہ، ان کا بیٹا، ملازم اور گارڈ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
قتل کے لرزہ خیز واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا۔ دیگر جاں بحق افراد کی شناخت رفاقت، سید علی شیر اور صاحب گل کے نام سے ہوئی ہے۔ فائرنگ کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔
جائے وقوعہ کا معائنہ کرنے کے بعد پولیس کا کہنا ہے کہ قتل ماضی کی دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے، ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے اور جلد گرفتار کر لیں گے۔