اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) ترکیہ اور اسرائیل میں تعلقات بحال ، اسرائیل نے
4 سال بعد ترکیہ میں اپنا سفیر تعینات کر دیا ، بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے
مطابق ترک صدر طیب اردگان نے اسرائیل کی نئی سفیر ایریٹ لی لیان سے ملاقات
کی اور ان سے سفارت خانے کی اسناد وصول کیں ۔
تعلقات میں بہتری دو سال قبل اس وقت شروع ہوئی جب دونوں ممالک کے سربراہان نے دورہ کیا اور سفیروں
کے ناموں کا اعلان کیا تاہم ان کی تعیناتی میں مزید دو سال لگ گئے۔ واضح رہے کہ جنوری 2021 سے ایریٹ لی لیان
ترکی میں اسرائیل کے چارج ڈی افیئرز کا چارج سنبھال رہی ہیں اور اب وہ ترکی میں اسرائیل کی باضابطہ سفیر
بن گئی ہیں۔ جس کے لیے اسرائیلی صدر نے رواں سال اگست میں ترکی کا دورہ کیا تھا اور اپنے ہم منصب سے
ملاقات میں جلد از جلد سفیروں کی تعیناتی پر اتفاق کیا تھا۔ یاد رہے کہ 2010 میں غزہ جانے والے امدادی جہاز پر
اسرائیلی فوج نے حملہ کیا تھا جس میں 10 ترک شہری ہلاک ہوگئے تھے۔ ترکی نے اس واقعے پر اسرائیل کے سفیر
کو ملک بدر کر دیا۔ تاہم 2016 میں دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات بحال ہوئے لیکن صرف دو سال بعد 2018 میں
فلسطینی مظاہرین پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ کے باعث ترکی نے اسرائیلی سفیر کو ملک بدر کر کے اپنے سفیر کو
واپس بلا لیا۔ حال ہی میں نیتن یاہو نے انتخابات میں واضح کامیابی حاصل کی ہے اور وہ ایک بار پھر
وزیراعظم بننے جا رہے ہیں۔