آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز 14 دسمبر سے ہو گا، سیریز کا پہلا میچ جمعرات کو پرتھ میں کھیلا جائے گا۔جہاں دونوں ٹیمیں ٹیسٹ سیریز کی تیاریوں میں مصروف ہیں وہیں آسٹریلوی بلے باز عثمان خواجہ نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں فلسطینی عوام سے منفرد انداز میں اظہار یکجہتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق عثمان خواجہ فلسطینیوں کی حمایت میں آواز بلند کرتے رہے ہیں اور حال ہی میں انہوں نے اسرائیلی جنگ کی مذمت کرتے ہوئے ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق عثمان خواجہ نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے قبل فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے نعروں کے ساتھ جوتے پہن کر ٹیم کے ساتھ ٹریننگ کی، ’’آزادی سب کا حق ہے‘‘ اور ’’سب کی زندگی برابر ہے‘‘۔آسٹریلوی میڈیا کا کہنا ہے کہ عثمان خواجہ پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میچ کے پہلے دن وہی جوتے پہنیں گے۔
آئی سی سی کے قواعد و ضوابط کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ عثمان خواجہ مبینہ سیاسی پیغام والے جوتے پہن سکیں گے یا نہیں۔واضح رہے کہ آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے مطابق کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز کو بازو بند، لباس یا کسی بھی سامان پر کوئی ایسی چیز ڈسپلے کرنے کی اجازت نہیں ہے جس میں سیاسی، مذہبی یا نسلی پیغام ہو۔2014 میں انگلینڈ کے آل راؤنڈر معین علی کو بھارت کے خلاف ٹیسٹ میچ کے دوران ‘سیو غزہ اور ‘فری فلسطین کے الفاظ کے ساتھ کلائی پر پٹی اتارنے کو کہا گیا۔