اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے الجزیرہ کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں خبردار کیا ہے کہ بھارت میں اب جو پاکستان مخالف نظریہ پروان چڑھ رہا ہے، وہ نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے جنوبی ایشیا کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت اس پاکستان مخالف بیانیے کو بین الاقوامی سطح پر معمول بنانے کی کوشش کر رہا ہے، جو خطرناک تبدیلی ہے ۔
بلاول نے یہ بھی واضح کیا کہ پاکستان نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (FATF) کے تمام مراحل کامیابی سے مکمل کیے ہیں اور دہشت گردی کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے ۔
انہوں نے 2019 میں بھارت میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں، خاص طور پر پہلگام اور پلوامہ پر لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے خلاف ٹھوس شواہد پیش نہیں کیے گئے ۔انہوں نے زور دیا کہ "پاکستان روزانہ دہشت گردی کے واقعات سے نبردآزما ہے”، لہٰذا ایسے الزامات غیر منصفانہ ہیں ۔ بلاول نے خطے میں امن و استحکام کے لیے غیرجانبدارانه اور آپسی اعتماد پر مبنی خارجہ پالیسی کے قیام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت تعلقات میں دوستانہ اور تعمیری رابطے ہی سب سے زیادہ نتائج خیز ثابت ہوں گے۔