اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )غزہ میں پناہ گزینوں کے اسکول پر اسرائیلی فوج کے حملے کے نتیجے میں مزید 22 فلسطینی شہید ہوگئے۔فلسطینی وزارت صحت کے مطابق ہفتے کے روز غزہ کے علاقے الزیتون میں پناہ گزینوں کے ایک اسکول پر اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم 22 افراد ہلاک ہوئے، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے تھے۔وزارت صحت نے کہا کہ 7 اکتوبر سے جاری جنگ کے دوران اسکول بند کر دیا گیا تھا جس کے بعد بے گھر لوگوں نے پناہ لی تھی۔دوسری جانب اسرائیل کی دفاعی افواج نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس نے غزہ میں حماس کے ایک کمانڈ سینٹر کو نشانہ بنایا، جسے عسکریت پسند گروپ دہشت گردانہ حملوں کی منصوبہ بندی کے لیے استعمال کر رہا تھا۔
دریں اثنا، حماس نے اسکولوں اور دیگر شہری مقامات کو فوجی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی تردید کی ہے۔حماس کی طرف سے چلائے جانے والے سرکاری میڈیا آفس نے کہا کہ الزیتون کے علاقے میں ہفتے کے روز ہونے والے حملے میں ہلاک ہونے والوں میں کئی بچے اور چھ خواتین بھی شامل ہیں۔غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی نے بھی ہلاکتوں کی اطلاع دیتے ہوئے مزید کہا کہ ایک خاتون حاملہ تھی۔اس ماہ کے شروع میں، اقوام متحدہ کی ایجنسی برائے فلسطینی مہاجرین (UNRWA) نے کہا تھا کہ اس کے عملے کے چھ ارکان نصرت پناہ گزین کیمپ میں الجیونی اسکول پر اسرائیلی فضائی حملے میں مارے گئے تھے۔