اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے الزام لگایا ہے کہ سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے انہیں قتل کرنے اور ملک میں ایمرجنسی لگانے کا منصوبہ بنایا تھا۔
ایک قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ چونکا دینے والا الزام سابق وزیراعظم نے لاہور میں نجی ٹی وی چینل کی ٹیم سے گفتگو کے دوران لگایا۔
عمران خان کا یہ انٹرویو ابھی نشر نہیں ہوا، تاہم سید خاور عباس کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ وہ آج وزیر آباد میں ہونے والے خودکش حملے کی کوشش پر بات کریں گے۔ مزید انکشافات اپنی پریس کانفرنس کے دوران کریں گے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ بہت سے لوگوں کی طرف سے انہیں کہا جا رہا ہے کہ وہ سابق آرمی چیف کے خلاف الزامات لگانا بند کر دیں کیونکہ وہ ریٹائر ہو چکے ہیں لیکن ان کے جرائم پر پردہ نہیں ڈالا جاسکتا
عدالتوں سے اس معاملے کا ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے اپنے اوپر ہونے والے جان لیوا حملے کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے پر اصرار کیا۔
انٹرویو کے دوران عمران خان نے ان لوگوں کے نام بھی لیے جو ان کے بقول ان کے قتل کی سازش میں ملوث تھے۔
انہوں نے صحافیوں کو مزید بتایا کہ وہ صحت یاب ہونے کے بعد پورے ملک کا دورہ کریں گے۔