اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلی سے شدید متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے اور دنیا کو اس حوالے سے پاکستان کی عملی مدد کرنا ہوگی۔
اسلام آباد میں نئی انرجی وہیکل پالیسی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گرین ہاؤس گیسز کے اخراج میں پاکستان کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے، لیکن موسمیاتی تبدیلی کے نقصانات سب سے زیادہ پاکستان کو برداشت کرنے پڑ رہے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نئی انرجی وہیکل پالیسی ماحول دوست پاکستان کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ تاہم موسمیاتی چیلنجز اتنے بڑے ہیں کہ ان سے اکیلے نمٹنا ممکن نہیں۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ پاکستان کی معاونت کرے تاکہ سیلاب اور قدرتی آفات کے نقصانات کو کم کیا جا سکے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ 2022 کے تباہ کن سیلاب سے پاکستان کو 30 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا، خاص طور پر خیبر پختونخوا میں ہزاروں گھر تباہ ہوئے اور لاکھوں افراد متاثر ہوئے۔
وزیراعظم نے نوجوانوں کے لیے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جلد ایک لاکھ طلبہ میں میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے، جب کہ ماحول دوست سواری کے طور پر الیکٹرک موٹر بائیکس بھی فراہم کی جائیں گی۔