اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )گرمی سے ستائے شہریوں کے لیے خوشخبری ہے، مغربی ہوائیں آج سے ملک کے بالائی اور مغربی علاقوں میں داخل ہوں گی اور بارشیں برسائیں گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے 26 مئی تک وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا اور کشمیر میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں کوئٹہ، قلات خضدار، لسبیلہ، کیچ اور پنجگور میں گرد آلود ہوائیں چلنے کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ صوبے کے بعض اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔
اسلام آباد، مری گلیات، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، پنجاب، کشمیر، خیبرپختونخوا میں کھڑی فصلوں اور کمزور ڈھانچوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ درجہ حرارت کوئٹہ میں 35، قلات میں 30، جیونی میں 33، گوادر میں 34، نوکنڈی میں 43، تربت میں 42 اور سبی میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔