اردو ورلڈ کینیڈا( ویب نیوز )حکومت نے پی ٹی آئی کی طرف سے مذاکرات کی تازہ ترین پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دونوں فریقوں میں بات چیت شروع کرنے کے لیے مشترکہ ایجنڈے کا فقدان ہے کیونکہ فریقین قبل از وقت انتخابات چاہتے ہیں جب کہ ہم وقت پر انتخابات کے انعقاد کے اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ سابق حکمران جماعت کے ساتھ نہ تو ظاہری اور ڈھکے چھپے مذاکرات کیے جا رہے ہیں اور ایسی بات چیت کے بارے میں محض قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں
پی ٹی آئی کی جانب سے اگلے انتخابات پر وفاقی حکومت سے بات کرنے پر آمادگی ظاہر کرنے پر تبصرہ کرتے ہوئے حکومتی ترجمان نے کہا کہ جب اس سے پیشگی شرائط منسلک ہوں تو کوئی مذاکرات نہیں ہو سکتے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی چاہتی ہے کہ حکومت پہلے اگلے عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے اور پھر دونوں فریق مل بیٹھ کر اگلے انتخابات کا لائحہ عمل طے کریں یہ نہیں ہوسکتا
جبکہ پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ یقینی طور پر اگر حکومت قبل از وقت انتخابات کا اعلان کرتی ہے تو ہم انتخابات کے فریم ورک اور ای سی پی میں تبدیلیوں پر بات چیت کے لیے تیار ہیں۔
تاہم مریم نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کی بقیہ آئینی مدت پوری ہونے کے بعد انتخابات ہی کرائے جائیں گے۔