اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ حکومت نے غریب عوام کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امیر اور غریب کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 100 روپے کا فرق ہو گا۔ غریبوں کے لیے پیٹرول میں رعایت کا فیصلہ 6 ہفتوں میں نافذ العمل ہو گا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ گاڑیوں کے لیے پٹرول کی قیمت زیادہ ہوگی۔
انہوں نے سابق وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ شخص جس کے ہاتھ میں آئین دیا گیا جس کے ہاتھ میں ووٹ نہیں دیا گیا ۔
وزیر مملکت نے کہا کہ میں نے وزیراعظم سے درخواست کی کہ یہاں دو ملک ہیں، امیر کے لیے الگ اور غریب کے لیے الگ، جس پر انہوں نے کہا کہ غریبوں کے ملک کے ساتھ کھڑے ہوں۔ ہماری پارٹی کے قائد نواز شریف نے بھی یہی کہا اور وزیراعظم نے بھی کہا کہ اگر دو ملک ہیں تو غریبوں کے ملک کے ساتھ کھڑے ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ٹیرف کو الگ کر کے غریبوں کا بل اور امیر کا بل الگ کر دیا ہے۔ ہماری قیادت نے کہا کہ ایک غریب آدمی جو گیس استعمال کر رہا ہے آج کے بعد وہ ایک چوتھائی بل ادا کرے گا۔ ہم شرفا کی بھی عزت کرتے ہیں لیکن وہ چار گنا زیادہ رقم دیں گے اور وہ رقم جمع کرکے ان غریبوں کو گیس دیں گے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم اور نواز شریف نے کہا کہ آپ امیر اور غریب کا پیٹرول الگ کریں۔ گیس کی طرح پیٹرول کی قیمت بھی الگ ہے۔ وزیراعظم کے حکم کے مطابق ایک سکیم پیش کی گئی، جس میں انہیں بتایا گیا کہ مستقبل میں غریبوں کے پیٹرول کے اخراجات میں کمی کی جائے گی۔ حکومت غریبوں کے لیے پیٹرول کی قیمت کم کرے گی۔