اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مشورے پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے صوبائی اسمبلی تحلیل کردی۔
وزیراعلیٰ کی سفارش پر گورنر سندھ نے آئین کے آرٹیکل 112 کی شق نمبر 1 کے تحت صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کیے۔
کامران ٹیسوری کے دستخط کے بعد محکمہ قانون نے اسمبلی تحلیل کرنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا جس کے بعد سندھ کی 50 رکنی کابینہ تحلیل کردی گئی جب کہ وزرا، مشیران اور معاونین خصوصی کو فارغ کردیا گیا۔
سندھ کابینہ میں 18 وزرا، 5 مشیر اور 25 سے زائد معاونین خصوصی حکومتی امور سرانجام دے رہے تھے۔
اس سے قبل وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گورنر سندھ کو آئین پاکستان کے آرٹیکل 112 (1) کے تحت اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری بھیجی تھی
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے گورنر ہاؤس میں وزیراعلیٰ کا استقبال کیا اور بعد ازاں صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کے سمری پر دستخط کردئیے ۔