اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)بالی ووڈ کے معروف اداکار گووندا کو طبی خرابی کے باعث بے ہوشی کی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق 61 سالہ اداکار کو گزشتہ رات اچانک طبی پیچیدگیوں اور شدید ذہنی تناؤ کا سامنا ہوا، جس کے نتیجے میں ان کی حالت بگڑ گئی اور اہل خانہ نے انہیں فوری طور پر ممبئی کے جوہو علاقے میں واقع کرٹی کیئر ہسپتال پہنچایا۔
گووندا کے قریبی دوست اور قانونی مشیر بندل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ اداکار کو رات تقریباً ایک بجے ایمرجنسی وارڈ میں داخل کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ گھر پر پہلے ڈاکٹر سے فون پر مشورہ کیا گیا اور دوا بھی دی گئی، تاہم حالت میں بہتری نہ آنے پر انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ بندل کے مطابق اداکار کے متعدد طبی ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں اور ڈاکٹرز فی الحال رپورٹس کے نتائج کا انتظار کر رہے ہیں تاکہ مرض کی نوعیت کا درست تعین کیا جا سکے۔
ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ گووندا کی حالت اب قابو میں ہے، تاہم مزید مشاہدے کے لیے انہیں آئی سی یو میں رکھا گیا ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق اداکار کو مکمل آرام اور ذہنی دباؤ سے پرہیز کی ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں بھی گووندا ایک حادثے کا شکار ہو چکے ہیں اُس وقت ان کی لائسنس یافتہ پستول غلطی سے چل گئی تھی جس سے ان کی ٹانگ میں گولی لگی تھی۔ زخمی ہونے کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ایک گھنٹے کے آپریشن کے بعد گولی نکالی گئی اور وہ صحت یاب ہو گئے تھے۔
فلمی حلقوں نے اداکار کی اچانک طبی خرابی پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔