اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )یونان کے قریب بحیرہ روم میں کشتی ڈوبنے سے پاکستانیوں کی ہلاکت پر آج ملک بھر میں یوم سوگ منایا جا رہا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر یونان میں کشتی الٹنے کے حادثے پر قومی سوگ منایا جا رہا ہے۔
وزیراعظم نے حادثے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کے لیے 4 رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی بھی تشکیل دے دی۔ کشمیر پونچھ ریجن کے ڈی آئی جی سردار ظہیر احمد اور وزارت داخلہ کے جوائنٹ سیکرٹری (ایف آئی اے) فیصل نصیر بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔
خصوصی کمیٹی یونان میں کشتی کے ڈوبنے کے تمام حقائق جمع کرے گی، انسانی سمگلنگ کے پہلو کی تحقیقات کرے گی اور ذمہ دار افراد کا تعین کرے گی۔
اس کے علاوہ عالمی سطح پر انسانی اسمگلنگ کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے تعاون اور اشتراک کی تجاویز دی جائیں گی، فوری، درمیانی اور طویل مدتی قانون سازی کا جائزہ لیا جائے گا اور ایسے واقعات کا سبب بننے والے افراد، کمپنیوں اور ایجنٹوں کو سزا دی جائے گی۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے یونانی ساحل کے قریب کشتی ڈوبنے کی اطلاعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دفتر خارجہ کو کشتی کے الٹنے اور اس میں پاکستانیوں کی ممکنہ موجودگی پر فوری ایکشن لینے کی ہدایت کی۔
انسانی سمگلنگ میں ملوث گروہوں کےخلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا
وزیراعظم نے یونان اور مصر میں پاکستانی سفیروں کو بھی ہنگامی اقدامات کرنے کی ہدایت کی جب کہ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے اپنے اداروں کے ذریعے تفصیلات جمع کرکے تحقیقات کے بعد رپورٹ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انسانی سمگلنگ میں ملوث ایجنٹوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے۔