اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) یونان کے ساحل پر تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے پانچ افراد ہلاک اور متعدد لاپتہ ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہفتہ کو یونان کے جنوبی جزیرے کے قریب تارکین وطن کی ایک کشتی ڈوب گئی۔ یونانی کوسٹ گارڈ نے کہا کہ حادثے میں 5 افراد ہلاک ہوئے، 40 لوگ لاپتہ ہیں اور 39 کو بچا لیا گیا ہے۔خبر رساں ادارے کے مطابق کشتی میں سوار زیادہ تر مسافر پاکستانی تھے۔ لاپتہ مسافروں کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے غیر قانونی طور پر یورپ جانے والے پاکستانیوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی جو واقعہ کی تحقیقات کرکے 5 روز میں وزیر داخلہ کو رپورٹ پیش کرے گی۔محسن نقوی نے کہا ہے کہ انسانی سمگلنگ جرم ہے، کئی مافیا کے گھر تباہ ہوچکے ہیں، ایف آئی اے انسانی سمگلنگ مافیا کے خلاف ملک گیر کارروائی کرے۔