اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)گل پلازہ شاپنگ مال میں ہفتے کی رات لگنے والی آگ کے حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد 26 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 75 افراد کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔
ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور اب ملبہ ہٹانے اور لاشیں نکالنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ریسکیو اہلکار تقریباً 40 گھنٹے بعد عمارت میں داخل ہوئے اور پہلی منزل پر لاشوں کی تلاش مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ دوسری منزل پر زندہ یا مردہ افراد کی تلاش جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر جاوید نے میڈیا کو بتایا کہ اب تک 20 لاشیں نکالی جا چکی ہیں اور 18 کی شناخت ہو چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عمارت کا تقریباً 40 فیصد حصہ گر چکا ہے اور دیگر حصے بھی انتہائی کمزور ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے تاجروں سے گزارش کی کہ ریسکیو آپریشن کے دوران تعاون کریں اور ریڈ زون سے دور رہیں۔
لاپتہ افراد کی فہرست میں ابتدائی طور پر 83 نام شامل تھے جن میں سے کچھ دو بار درج تھے، تاہم 75 افراد کے لاپتہ ہونے کی تصدیق ہوئی ہے، اور اب تک 39 افراد کی موجودگی گل پلازہ میں رجسٹر ہو چکی ہے۔سندھ حکومت نے سانحہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو فی خاندان ایک کروڑ روپے دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔