اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )حج آپریشن شروع کردیاگیا، پہلی پرواز مدینہ پہنچ گئی ،پاکستان میں حج آپریشن آج کراچی سے شروع ہوا، پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنزکی پہلی حج پرواز پی کے 773 کراچی سے 328 عازمین کو لے کر مدینہ منورہ پہنچ گئی۔
عازمین حج کو رخصت کرنے کے لیے ایک سادہ مگر پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں عازمین نے پاکستان کی سلامتی اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں
چیف آپریٹنگ آفیسر پی آئی اے امان اللہ قریشی، ڈائریکٹر جنرل بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام امتیاز شاہ، ڈائریکٹر حج کراچی سجاد حیدر، سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پی آئی اے حکام نے عازمین کو رخصت کیا۔
حج آپریشن کے پہلے روز کراچی، اسلام آباد اور فیصل آباد سے افتتاحی پروازوں کے ذریعے تقریبا 700 عازمین کو سعودی عرب پہنچایا جائے گا۔
اسلام آباد سے پہلی پرواز پی کے 743 آج رات 9 بجکر 15 منٹ پر مدینہ منورہ کے لیے روانہ ہوگی۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پی آئی اے حج آپریشن کے لیے بوئنگ 777 اور ایئربس 320 طیارے استعمال کر رہی ہے۔
ترجمان کے مطابق اس سال پی آئی اے 320 خصوصی حج اور شیڈول پروازوں کے ذریعے 65 ہزار سے زائد عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچائے گی۔
قبل از حج آپریشن 22 جون تک جاری رہے گا جبکہ بعد از حج آپریشن 2 جولائی سے 2 اگست تک مکمل کیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق پی آئی اے حج آپریشن کی پروازیں کراچی، لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ، پشاور، سیالکوٹ، فیصل آباد، سکھر اور رحیم یار خان سے چلیں گی۔
CEOPIA نے تمام محکموں، پاکستان اور سعودی عرب میں تعینات حج ٹیموں کو عازمین حج کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
وزیر مذہبی امور طلحہ محمود نے امید ظاہر کی ہے کہ سعودی عرب میں پاکستانی حجاج کا خصوصی خیال رکھا جائے گا۔
دوسری جانب لاہور ایئرپورٹ سے حج پروازوں کا بھی آغاز کردیا گیا، سیرین ایئرلائن کی پرواز 200 سے زائد مسافروں کو لے کر 5 بجکر 10 منٹ پر سعودی عرب کے لیے روانہ ہوئی۔
پاکستان بھر سے مختلف پروازوں کے ذریعے 38 ہزار 419 عازمین کو جدہ پہنچایا جائے گا، جس میں پی آئی اے 40 ہزار 700 عازمین کو مقدس مقام پر پہنچائے گی جب کہ 36 ہزار عازمین سعودی ایئر لائن کے ذریعے سعودی عرب پہنچیں گے۔
ایئر بلیو 2 ہزار 250 جبکہ سیرین ایئر لائن 2 ہزار 280 عازمین کو لے کر سعودی عرب کے لیے پرواز کرے گی۔
رواں سال لاہور سے 17 ہزار 629، کراچی سے 17 ہزار 630، اسلام آباد سے 26 ہزار 232، ملتان سے 6 ہزار 582، کوئٹہ سے 4 ہزار 50، سیالکوٹ سے 4 ہزار 484، فیصل آباد سے 3 ہزار 251، رحیم یار خان سے سکھر سے 468941 عازمین سعودی عرب جائیں گے۔پاکستان سے اس سال 81 ہزار 230 عازمین حج ادا کریں گے۔