اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)مناسک حج کا آغاز آج ہوگا، عازمین ظہر کی نماز سے قبل آج منیٰ پہنچ جائیں گے، منیٰ میں ان کے لیے خیمے لگائے گئے ہیں اور وہ آج رات منیٰ میں ہی قیام کریں گے۔
عازمین حج کے اہم ترین حصے وقوف عرفہ کے لیے 9 ذی الحج کی صبح عرفات روانہ ہوں گے۔ حجاج کی حفاظت کے لیے سعودی محکمہ شہری دفاع نے گیس سلنڈر رکھنے پر سختی سے پابندی لگا دی ہے۔ اس سال 90 ممالک کے 1300 شاہی مہمان بھی شرکت کریں گے۔
سعودی حکام کے مطابق جمعے تک دنیا بھر سے 16 لاکھ عازمین سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔ سعودی عرب کے اندر سے حج کرنے والے عازمین کی تعداد کا ابھی تک اعلان نہیں کیا گیا۔ سعودی حکام کو توقع ہے کہ اس سال 160 ممالک کے 20 لاکھ سے زائد عازمین حج ادا کریں گے۔
واضح رہے کہ حج کے موسم میں مدینہ منورہ آنے والے عازمین آٹھ دن قیام کرتے ہیں اور پھر مکہ مکرمہ روانہ ہوتے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال 1443 میں عازمین حج کی تعداد 9 لاکھ 26 ہزار تک محدود تھی جس میں بیرون ملک سے آنے والے عازمین کی تعداد 7 لاکھ 81 ہزار تھی۔ 2019 میں کورونا کی وبا سے پہلے تقریباً 25 لاکھ مسلمانوں نے جج ادائیگی کی تھی۔