اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیو ز ) وسطی غزہ کی پٹی میں فوجی ساز و سامان کی منتقلی کے دوران بم دھماکے میں دو اسرائیلی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق ملکی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ بمباری میں ہلاک ہونے والے 34 سالہ میجر یوتم اتزاک پیلیڈ لاجسٹک افسر تھے جب کہ میجر موردچائی یوسف فوجی ٹرک چلا رہے تھے۔اسرائیلی فوج کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے دونوں میجر یروشلم بریگیڈ کی 8119ویں بٹالین سے منسلک تھے اور پیلد غزہ کے زیتون محلے میں فوجیوں کو سامان پہنچانے والے قافلے میں شامل تھے جب دھماکہ ہوا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بم حماس کی جانب سے اسرائیلی فوج کے رسد کے قافلے کے راستے میں نصب کیا گیا تھا اور دھماکے کے بعد بمباروں نے اسرائیلی فوجیوں پر فائرنگ کردی جس سے متعدد اہلکار زخمی ہوگئے۔یاد رہے کہ اسرائیلی فوج 27 اکتوبر کو غزہ میں داخل ہوئی تھی اور اس کے بعد سے حماس کے ساتھ جھڑپوں کے دوران ہلاک ہونے والے فوجیوں کی تعداد 334 ہو گئی ہے۔