اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) حماس نے اسرائیلی مطالبے پر جنگ بندی کے پہلے مرحلے میں توسیع کا مطالبہ ماننے سے انکار کر دیا ۔
حماس کے ایک سینئرہلکار نے کہا ہے کہ حماس جنگ بندی معاہدے کے پہلے مرحلے میں توسیع پر رضامند نہیں ہے۔اسرائیلی یرغمالیوں کو پہلے سے طے شدہ معاہدے کے تحت مراحل میں رہا کیا جائے گا۔واضح رہے کہ غزہ جنگ بندی کا پہلا مرحلہ ہفتے کے روز ختم ہو گیا تھا۔ جس کے بعد اسرائیل نے غزہ میں کھانے پینے کی اشیاء سمیت ہر قسم کی اشیا کا داخلہ روک دیا۔اسرائیل نے جنگ بندی میں عارضی توسیع کا اعلان بھی کیا تھا۔
یہ توسیع امریکہ نے تجویز کی تھی لیکن اب اسرائیل نے یو ٹرن لیتے ہوئے امداد مکمل طور پر روک دی ہے۔اسرائیل نے امریکی تجویز پر پہلے مرحلے میں توسیع کا اعلان کیا اور تمام مغویوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔تاہم حماس نے دوسرے مرحلے کے آغاز اور مکمل جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ معاہدے سے انحراف کے نتائج کی پوری ذمہ داری اسرائیل برداشت کرے گا۔اسرائیل کا کہنا ہے کہ حماس کو جنگ بندی میں توسیع کے امریکی منصوبے سے اتفاق کرنا چاہیے۔واضح رہے کہ جنگ بندی معاہدے کے مطابق دوسرے مرحلے میں بقیہ 59 مغویوں کی رہائی، اسرائیلی فوج کا مکمل انخلاء اور جنگ کا خاتمہ شامل ہے۔