سی ایف ایل کھلاڑیوں کی درجہ بندی میں ہیملٹن ٹائیگر کیٹس سرفہرست

اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) کینیڈین فٹبال لیگ (CFL) کی نمایاں ٹیم ہیملٹن ٹائیگر کیٹس نے میدان سے باہر کارکردگی کے لحاظ سے لیگ کی بہترین فرنچائز ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔

سی ایف ایل پلیئرز ایسوسی ایشن (CFLPA) کی جانب سے جاری کی گئی سالانہ ٹیم رپورٹ کارڈز میں ہیملٹن کو مجموعی طور پر سب سے زیادہ نمبر ملے ہیں۔2025 میں ایسٹ ڈویژن میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ہیملٹن ٹیم کو رپورٹ کارڈ میں پانچ شعبوں میں اے گریڈ اور پانچ میں بی گریڈ دیا گیا۔ سب سے زیادہ نمبر فٹبال آپریشنز، سہولیات اور آلات، اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ، ٹیم ٹریول اور ٹریننگ کیمپ کے شعبوں میں حاصل ہوئے۔ کوچنگ اسٹاف، انتظامی امور، میڈیکل اور تھراپی اسٹاف، غذائیت اور کھلاڑیوں کے اہلِ خانہ کے ساتھ برتاؤ جیسے شعبوں میں بی گریڈ دیے گئے۔
ایک کھلاڑی نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ ان کا کلب گزشتہ برس بھی اعلیٰ درجہ بندی میں شامل تھا لیکن اس کے باوجود مزید بہتری لائی گئی۔ ان کے مطابق ہیملٹن ٹائیگر کیٹس سی ایف ایل کی ایک مثالی ٹیم ہے جو کھلاڑیوں اور ان کے خاندانوں کا غیر معمولی خیال رکھتی ہے، یہاں تک کہ کھلاڑیوں اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے تھینکس گیونگ ڈنر کا بھی اہتمام کیا گیا۔
گریے کپ جیتنے والی سسکیچیوان راف رائیڈرز کو بھی پانچ شعبوں میں اے گریڈ ملا، جن میں کوچنگ اسٹاف، فٹبال آپریشنز، اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ، ٹیم ٹریول اور ٹریننگ کیمپ شامل ہیں۔ تاہم انہیں کھلاڑیوں کے اہلِ خانہ کے ساتھ برتاؤ کے شعبے میں سی گریڈ دیا گیا اور کمیونٹی سرگرمیوں میں معاوضے پر بھی تنقید سامنے آئی۔سی ایف ایل پلیئرز ایسوسی ایشن کے مطابق یہ سروے آن لائن کیا گیا جس میں لیگ کے فعال، پریکٹس اسکواڈ اور زخمی فہرست میں شامل کھلاڑیوں سمیت 381 کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ سروے میں 78 سوالات شامل تھے جن کے ذریعے سہولیات، خدمات، کام کے ماحول اور مجموعی پیشہ ورانہ معیار کا جائزہ لیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق اس سال صرف دو ٹیموں کو ایف گریڈ دیا گیا۔ بی سی لائنز کو غذائیت کے شعبے میں جبکہ مونٹریال الویٹس کو کھلاڑیوں کے اہلِ خانہ کے ساتھ برتاؤ پر ناکام قرار دیا گیا۔ بی سی لائنز کے ایک کھلاڑی نے کہا کہ ٹیم میں غذائیت کا معیار ایک پیشہ ور فٹبال ٹیم کے مطابق نہیں اور اس شعبے میں فوری اصلاح کی ضرورت ہے۔
گزشتہ سال ایڈمنٹن ایلکس کو دو ایف گریڈ ملے تھے، تاہم اس بار ٹیم نے کچھ بہتری دکھائی اور مختلف شعبوں میں سی اور اے گریڈ حاصل کیے، اگرچہ بحالی کے انتظامات اور مہمان ٹیموں کے لیے ہوٹل سہولیات پر اب بھی تنقید کی گئی۔رپورٹ میں یہ بھی سامنے آیا کہ مونٹریال، ٹورنٹو اور کیلگری جیسی ٹیموں کو بعض شعبوں میں ڈی گریڈ دیے گئے، جن میں طبی سہولیات، انتظامی امور اور کھلاڑیوں کے خاندانوں کے ساتھ سلوک شامل ہیں۔ اوٹاوا ریڈ بلیکس کے ٹریننگ کیمپ انتظامات کو بھی کھلاڑیوں کی جانب سے غیر تسلی بخش قرار دیا گیا۔

سی ایف ایل پلیئرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اس رپورٹ کا مقصد ان ٹیموں کو سراہنا ہے جو مثبت مثال قائم کر رہی ہیں، جبکہ ان شعبوں کی نشاندہی بھی کرنا ہے جہاں بہتری کی گنجائش موجود ہے۔ یہ اقدام نیشنل فٹبال لیگ (NFL) کی طرز پر کیا جا رہا ہے، جس نے 2023 میں پہلی بار اسی نوعیت کی رپورٹ جاری کی تھی۔

 

 

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں