اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر اور مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے انسداد دہشت گردی کی عدالت کی جانب سے 9 مئی کے مقدمے میں بریت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے حق و انصاف کی جیت قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ نہ صرف ان کی بے گناہی کا ثبوت ہے بلکہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ قانون نے درست فیصلہ کیا۔لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 9 مئی کو شیرپاؤ پل پر جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ اور اشتعال انگیز تقریر کے مقدمے میں شاہ محمود قریشی کو بے گناہ قرار دیتے ہوئے بری کر دیا۔
عدالتی فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وہ عدالت میں قرآن مجید پر حلف دینے کے لیے تیار تھے کہ ان واقعات میں ان کا کوئی کردار نہیں تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عدالت کے اس فیصلے سے ان کی سچائی ثابت ہو گئی ہے اور وہ رہائی کی خبر سن کر دل سے خوش ہوئے ہیں۔ تاہم، انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ان کے کئی دیگر ساتھیوں کو سزائیں سنائی گئی ہیں، حالانکہ وہ بھی ان کی طرح بے قصور ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ وقت انصاف کی بالادستی کے قیام اور بے گناہ سیاسی کارکنان کی رہائی کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جلد ان کے تمام بے قصور ساتھی بھی انصاف حاصل کر سکیں گے۔