اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)پختونخوا میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری، کوہاٹ میں بارش کا پانی گھر میں داخل ہونے سے ایک پورا خاندان ڈوب گیا، جس میں خواتین اور بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق کوہاٹ کے علاقے درہ آدم خیل اولڈ بازید خیل میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں بارش کا پانی گھر کے تہہ خانے میں داخل ہوگیا۔ ریسکیو 1122 کے مطابق گھر کے تہہ خانے میں موجود ایک ہی خاندان کے افراد سیلابی پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے 11 افراد کو نکال کر ہسپتال منتقل کیا۔ ابتدائی طور پر ایک لڑکی لاپتہ تھی لیکن بعد میں وہ بھی مل گئی۔
اس افسوسناک واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 11 بتائی جاتی ہے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
ریسکیو 1122 حکام کے مطابق بارش کا پانی امجد کے گھر کے تہہ خانے میں داخل ہوگیا اور پانی جمع ہونے کے باعث گھر کے تمام افراد بشمول ایک ہی خاندان کے 11 افراد جن میں 3 خواتین اور 6 بچے شامل ہیں پھنس گئے۔ ایمرجنسی کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی میڈیکل اینڈ ڈیزاسٹر ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام افراد کی لاشوں کو نکال کر ہسپتال منتقل کیا۔
ادھر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم نے ایک ہی خاندان کے 11 افراد کے جاں بحق ہونے پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔
علاوہ ازیں پشاور، صوابی اور گردونواح میں مسلسل تیسرے روز بھی تیز بارش ہوئی جس کے بعد سڑکوں اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا اور سڑکیں تالاب کی طرح نظر آنے لگیں۔ وقفے وقفے سے بارش کے باعث صوابی کے مختلف علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی اور بارش کا پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا۔