اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں یکم تا 3 ستمبر کے دوران ممکنہ شدید موسلادھار بارش کے حوالے سے الرٹ جاری کیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے بتایا کہ پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں میں مزید بارش سے سیلاب کی شدت بڑھنے کا خدشہ ہے۔ شمال مشرقی، وسطی اور جنوبی پنجاب کے اضلاع اس سے متاثر ہو سکتے ہیں۔
خاص طور پر مری، راولپنڈی، جہلم، اٹک، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ اور حافظ آباد میں شدید بارش کی وجہ سے سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے۔ چنیوٹ، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، فیصل آباد، سرگودھا، بھکر، لیہ اور میانوالی میں بھی موسلادھار بارش کے باعث سیلاب کی شدت بڑھ سکتی ہے۔
مزید خطرے والے اضلاع میں ڈیرہ غازی خان، ساہیوال، ملتان، بہاولنگر، بہاولپور اور رحیم یار خان شامل ہیں۔ بالائی علاقوں میں شدید بارش اور دریاؤں میں تیز بہاؤ سے مرالہ ہیڈ ورکس پر پانی کی سطح میں اضافہ اور قریبی علاقے زیرِ آب آنے کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے نشیبی علاقوں اور ندی نالوں کے قریب رہنے والے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں کیونکہ ندی نالوں میں اچانک پانی کی سطح بڑھ سکتی ہے۔ عوام اور متعلقہ ادارے حفاظتی اقدامات کریں اور خطرناک علاقوں سے دور رہیں۔
مزید ہدایت کی گئی ہے کہ مقامی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے فوری نکاسی آب کے لیے ضروری مشینری اور پمپس تیار رکھیں، اور ممکنہ خطرات سے بروقت آگاہی فراہم کریں۔ عوام کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ تیز بہاؤ کی صورت میں پلوں، پانی میں ڈوبی سڑکوں اور ندی نالوں سے گزرنے سے گریز کریں۔