اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات قابل مذمت ہیں ۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے پریس بریفنگ میں کہا کہ امریکا گزشتہ ہفتے کے حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے، جس میں سیکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ موسیٰ خیل میں 23 معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا، دہشت گردوں کے ہاتھوں پاکستانی عوام کو بہت نقصان اٹھانا پڑا، ہمارے دل جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین اور پیاروں کے ساتھ دکھتے ہیں۔میتھیو ملر نے کہا کہ علاقائی سلامتی کو لاحق خطرات سے نمٹنے میں امریکا اور پاکستان کا مشترکہ مفاد ہے، ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی توانائی کے خسارے کو پورا کرنے میں مدد کرنا امریکہ کی ترجیح ہے اور حکومت پاکستان کے ساتھ توانائی سے متعلق بات چیت جاری رکھے ہوئے ہے۔اس کے علاوہ، امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ وہ ایران کے خلاف پابندیوں کا نفاذ جاری رکھے گا، ایران کے ساتھ تجارتی معاہدوں پر غور کرنے والوں کو ممکنہ نتائج سے آگاہ رہنے کا مشورہ دیا ہے۔بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردانہ حملوں میں 37 افراد جاں بحق ہوگئے۔یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں بلوچستان کے متعدد اضلاع میں دہشت گردی کے پے در پے واقعات میں 37 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔