اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) اسرائیلی سیکیورٹی فورسز نے انکشاف کیا کہ انہوں نے ستمبر 2023 میں سابق وزیر دفاع اور چیف آف اسٹاف موشے یاعلون کے خلاف قاتلانہ حملے کو ناکام بنایا۔اسرائیلی فورسز نے وضاحت کی کہ شن بیٹ اور اسرائیلی پولیس کی مشترکہ تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ تل ابیب کے یارکون پارک میں قاتلانہ حملے کے پیچھے حزب اللہ کے ایک سیل کا ہاتھ تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال 17 ستمبر کی صبح یارکون پارک میں دھماکہ خیز مواد پھٹا تھا اور بعد میں معلوم ہوا کہ یہ ایرانی ساختہ تھا۔دریں اثناء واقعے میں ملوث دو مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد برآمد کرلیا گیا جس کے بعد پولیس نے آٹھ اسرائیلی عربوں کو گرفتار کرلیا۔یاد رہے کہ اسرائیلی حکام نے ان پر گزشتہ اکتوبر 2023 میں دہشت گردی اور ایک دشمن تنظیم سے روابط کے الزامات عائد کیے تھے۔