اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )سپریم کورٹ میں پیشی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میڈیا حاضر ہے، پیغام دینا چاہتا ہوں، مجھے گرفتار کیا گیا، پرتشدد احتجاج کا ذمہ دار کیسے بن گیا؟
عمران خان نے کہا کہ میں نے کبھی انتشار کی بات نہیں کی، میں صرف ملک میں الیکشن چاہتا ہوں، سب سے کہہ رہا ہوں کہ سرکاری املاک کو نقصان نہ پہنچائیں۔
انہوں نے کہا کہ میرا موبائل فون لے لیا گیا، مجھے نہیں معلوم کہ ملک میں کیا ہوا، ہم ملک میں کوئی نقصان نہیں چاہتے، ہم افراتفری نہیں چاہتے، ہم صرف الیکشن چاہتے ہیں۔
عمران خان نے کارکنوں کو پرسکون رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ کبھی مجھے پولیس لائن لے گئے اور کبھی کہیں لے گئے، سمجھ نہیں آیا کہ کیا ہوا، میں نے نیب نوٹس کا جواب دیا تھا، ملک میں آزادانہ انتخابات چاہتے ہیں۔ . .
واضح رہے کہ 9 مئی کو قومی احتساب بیورو نے تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کو القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتار کیا تھا، جس کے بعد انہیں عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ اگلے روز پولیس لائنز میں احتساب عدالت نے ان کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔