اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے رمضان المبارک سے قبل صوبے کے سب سے بڑے ریلیف پیکیج ’رمضان نگہبان‘ کی حتمی منظوری دے دی ہے۔
اس بھاری بھرکم پیکیج کی مالیت 47 ارب روپے ہے اور اس سے پنجاب کے تقریباً ایک کروڑ افراد مستفید ہوں گے۔ پیکیج کا مقصد مقدس مہینے میں عوام پر مہنگائی کے دباؤ کو کم کرنا ہے اور غریب خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کرنا ہے۔
اس پیکیج کے تحت پنجاب کے 42 لاکھ مستحق خاندانوں کو فی خاندان 10,000 روپے فراہم کیے جائیں گے۔ اسی طرح راشن کارڈ ہولڈرز کے لیے ماہانہ امداد کو 3,000 روپے سے بڑھا کر 10,000 روپے کر دیا گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے 20 لاکھ سے زائد ’نگہبان کارڈز‘ جاری کیے جائیں گے، جن کے ذریعے مستحقین نقد رقم وصول کرنے اور اشیائے ضروریہ خریدنے کے قابل ہوں گے۔
مستحقین رقم بینک آف پنجاب کے برانچ لیس بینکنگ ایجنٹس اور ون لنک نیٹ ورک سے منسلک کسی بھی ATM سے نکال سکیں گے۔ صوبے بھر میں کارڈز کی فعال سازی کے لیے 136 مراکز قائم کیے جائیں گے، اور ضلعی انتظامیہ ہر گھر جا کر کارڈز فراہم کرے گی تاکہ عوام کو لائنوں میں نہ لگنا پڑے۔
مزید برآں، ہر تحصیل میں 8 ’نگہبان دسترخوان‘ قائم کیے جائیں گے جہاں روزانہ 2,000 افراد باعزت طریقے سے افطاری کر سکیں گے۔ صوبے کے 30 اضلاع میں 65 سہولت بازار فعال ہوں گے اور دیگر مقامات پر عارضی بازار لگائے جائیں گے۔ پیکیج کی نگرانی کے لیے ’رمضان نگہبان ڈیش بورڈ‘ تیار کیا گیا ہے، جس کے ذریعے حکام کارڈ ہولڈرز کو کال کر کے امداد کی وصولی کی تصدیق کریں گے تاکہ کسی قسم کی بدعنوانی کا سدِباب کیا جا سکے۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ رمضان کے دوران کوئی بھی مستحق خاندان خود کو تنہا محسوس نہ کرے اور حکومت دکھ سکھ میں غریب عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔