اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) سویڈن کی حکومت نے قرآن پاک کی بے حرمتی روکنے کے لیے قانونی آپشنز پر غور شروع کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز قرآن پاک کی بے حرمتی کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ہالینڈ میں انتہائی دائیں بازو کے ایک گروپ کی جانب سے مظاہرے میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی گئی اور یہ واقعہ ہیگ میں ترک سفارت خانے کے باہر پیش آیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعے پر متعدد افراد نے احتجاج کیا اور پتھراؤ کیا جس کے بعد پولیس نے صورتحال کو قابو میں کیا۔اس حوالے سے ہالینڈ کی حکومت نے مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس مظاہرین کو روکنے کا کوئی اختیار نہیں۔تاہم ملکی حالات کو دیکھتے ہوئے سویڈن کی حکومت نے قرآن پاک کی توہین روکنے کے لیے قانونی امکانات پر غور شروع کر دیا ہے۔سویڈن کی حکومت کی جانب سے قومی سلامتی کو لاحق خطرات پر غور کیا جا رہا ہے اور سویڈن میں دہشت گردی کے خطرے کو دوسری بلند ترین سطح پر پہنچا دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات پیش آچکے ہیں جس پر دنیا بھر کے مسلمانوں نے احتجاج کیا ہے۔