141
اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )موٹرسائیکل سواروں کو پٹرول کس طریقے سے سستا ملے گا اس سوال کے جواب میں وزیر مملکت مصدق ملک نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غریبوں کو سستا پیٹرول دینے کے لیے امیروں کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 50 روپے فی لیٹر اضافہ کیا جائے گا۔
مصدق ملک نے کہا کہ سستا پٹرول صرف رجسٹرڈ موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں پر دستیاب ہوگا جس سے دستاویزات کی بھی حوصلہ افزائی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ سبسڈی حاصل کرنے والا شخص پٹرول پمپ پر اپنا شناختی کارڈ اور ون ٹائم پاس ورڈ دکھا کر سستا پٹرول حاصل کر سکے گا، ایک وقت میں صرف دو سے تین لیٹر سستا پٹرول ملے گا۔
مصدق ملک کے مطابق موٹرسائیکل سوار ماہانہ 21 لیٹر پیٹرول استعمال کرتے ہیں، انہیں 21 لیٹر پیٹرول سستا ملے گا، 21 لیٹر سے زیادہ استعمال کرنے پر پوری قیمت ادا کرنا ہوگی۔